سینیٹ ذیلی کمیٹی کا وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کے کوٹے کا جائزہ، پنجگور اور گیش کور ڈیم کے ڈیزائن پر شدید تحفظات
مالی مشکلات کے باوجود بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 200 ارب روپے مختص کیے ہیں جو پنجاب سے بھی زیادہ ہیں: احسن اقبال، 5 ہزار آسامیوں کا مکمل ریکارڈ طلب: سینیٹر جان محمد بلیدی

اسلام آباد (ڈیلی قدرت کوئٹہ) سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقہ جات کا اجلاس کنوینر سینیٹر جان محمد بلیدی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں آغازِ حقوقِ بلوچستان پیکیج پر عملدرآمد، جاری ترقیاتی منصوبوں، وفاقی اداروں میں بلوچستان کے ملازمتوں کے کوٹے اور پنجگور و گیش کور ڈیم کے ڈیزائن پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں سینیٹر سید کاظم علی شاہ، رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اعتراف کیا کہ وفاقی اداروں میں بلوچستان کے امیدواروں کی تقرریوں کا دستیاب ریکارڈ مکمل اور واضح نہیں تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر ڈیٹا ازسرنو مرتب کیا جا رہا ہے۔ کمیٹی نے گریڈ 1 سے 5 اور گریڈ 6 سے 16 تک کی آسامیوں کی جامع تقابلی رپورٹ اور بلوچستان کے لیے مختص 5 ہزار آسامیوں کی مکمل تفصیلات طلب کر لیں، جبکہ حکام نے بتایا کہ 10 سے 14 سال تک وفاقی اداروں میں ڈیپوٹیشن پر تعینات رہنے والے صوبائی افسران بشمول اساتذہ و پروفیسرز کو واپس ان کے صوبائی محکموں میں بھیج دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اجلاس کو بتایا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) شدید مالی مشکلات کا شکار ہے اور جی ڈی پی کے تناسب سے اس کا حصہ 2018 کے 2.6 فیصد سے کم ہو کر نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے، تاہم اس کے باوجود بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے تقریباً 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جو پنجاب کے لیے مختص رقم سے بھی زیادہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ این-25 منصوبے پر 400 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی جسے دو سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر ہے۔ اجلاس میں سینیٹر جان محمد بلیدی اور ایم این اے پھلین بلوچ نے پنجگور ڈیم کے مجوزہ نہری نظام سے کھجور کے باغات، زرعی اراضی اور روایتی کاریزوں کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان پر تحفظات کا اظہار کیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجگور میں 118 میں سے 72 کاریزیں شمسی ٹیوب ویلز کے باعث متاثر ہو چکی ہیں جبکہ 2025-26 میں 34 کاریزوں کا پانی 50 فیصد سے زائد کم ہوا ہے؛ 33 میٹر بلند پنجگور ڈیم 25 ہزار ایکڑ اراضی سیراب کرے گا اور باغات کو بچانے کے لیے کھلی نہروں کے بجائے پائپ لائن سسٹم کا نظرثانی شدہ ڈیزائن تیار کر لیا گیا ہے جس کی لاگت کا تخمینہ چین سے آنا باقی ہے۔ کمیٹی نے گیش کور ڈیم کی فیزبیلٹی اور کیچ کور و میرانی ڈیم کو جانے والے پانی پر اثرات سے متعلق واپڈا سے بھی جامع رپورٹ طلب کر لی۔
