اسلام آباد

کسی کو علم نہیں تھا تحریک انصاف، تحریک تباہی بن جائے گی، شہباز شریف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیراعظم شہبازشریف احتساب عدالت لاہور رمضان شوگر مل ریفرنس میں پیش ہوئے۔
انہوں نے احتساب عدالت میں کہا کہ مقدمہ سالوں سے چل رہا ہے، صاف پانی کیس میں بلوایا گیا اور آشیانہ میں گرفتار کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آشیانہ اقبال کیس میں مجھے عدالت نے انصاف دیا،انہوں نے کہا کہ نیب نے مجھے نالہ کیس میں گرفتار کیا،کہا گیا کہ بیٹے کی شوگر مل کے باہر نالہ تعمیر کروایا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ نالہ ایک ایم پی اے نے تعمیر کرایا،میرے دور میں صاف پانی کے ہزاروں پروجیکٹ لگائے گئے، شوگر مل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ہماری وراثتی شوگر مل ہے وہ میں نے بیٹے کو ٹرانسفر کردی۔
شہباز شریف کا کہناتھا جو مل جو میرے بچوں کے نام ہے یہ میرے والد نے دی تھی، مل میرے پاس نہیں نہ ہی میں اسکا ڈائریکٹر ہوں،انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں میرے دور میں شوگر ملزکو سبسڈی نہیں دی گئی۔
مجھ پر پریشر ڈالا گیا لیکن میں نے کسانوں کا نقصان نہیں ہونے دیا،میں نے کہا کہ یتیم،بیواؤں کا پیسہ شوگر ملز مالکان کے لیے سبسڈی نہیں دوں گا،سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا،عدالت سے انصاف کی توقع ہے۔
احتساب عدالت لاہور نے رمضان شوگر مل ریفرنس کی سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
بعد ازاں سابق وزیراعظم نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف 2013 میں مخلوط حکومت بنا سکتے تھے، البتہ کسی کوعلم نہیں تھا تحریک انصاف، تحریک تباہی بن جائے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں عدلیہ کا بے حد احترام ہے، عدالتوں میں حاضری کو اپنا فرض سمجھتے ہیں، شریف خاندان اور لیگی رہنماؤں نے سختیاں جھیلیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے سامنے ان کی بیٹی کو گرفتارکیا گیا، نواز شریف نے دو بارجلاوطنی برداشت کی، لیگی قائد نے وطن واپس آکر خود کو قانون کے سامنے پیش کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نواز شریف کی سربراہی میں میدان میں اتریں گے،ہم نوجوانوں کو ملازمتیں اور لیپ ٹاپس دیں گے۔

متعلقہ خبریں