گورنر بلوچستان کی وفاقی وزراء پر مشتمل کمیٹی سے ملاقات
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچ یکجہتی مارچ کے گرفتار ہونے والے افراد سے پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال اور پائی جانے والی حساسیت کو سنجیدگی سے لینے کی اشد ضرورت ہے. باہمی افہام و تفہیم اور ایک دوسرے کی مشکلات کو جان کر درپیش مسائل کو پائیدار حل کی جانب لے جایا جا سکتا ہے.
یہ بات انہوں نے بلوچ یکجہتی مارچ کے حوالے نگران وفاقی وزیر فواد حسن فواد کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے اراکین سے بلوچستان ہاوس اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہی. قائم کردہ کمیٹی میں مرتضیٰ سولنگی، سید جمال شاہ اور خلیل جارج شامل تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ پورے خطے کی کشیدہ صورتحال کو مدنظر رکھ کر ہمیں فوری طور پر اقدامات اٹھانے چاہیے کیونکہ ہم مزید نفرتوں اور تنازعات کا متحمل نہیں ہو سکتے.
گورنر بلوچستان نے کہا کہ وقت آپہنچا ہے کہ تمام ارباب اختیار کے ساتھ ساتھ سیاسی اکابرین، دینی علماء کرام، مشائخ عظام، میڈیا پرسنز اور سرکردہ شخصیات عوام کے مفاد کی خاطر اپنا بھرپور کردار ادا کریں. قبل ازیں گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ہونے والی خواتین اور بچوں کو پہلے ہی رہا کیا جا چکا ہے جبکہ بقیہ گرفتار افراد کے معاملے پر قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں.