پنجاب

میرا دفتر اور دل کے دروازے اپوزیشن کیلیے بھی کھلے ہیں، نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب


لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب کی نو منتخب وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ میرا دفتر اور دل کے دروازے ہر وقت اپوزیش کے لیے بھی کھلے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اپوزیشن یہاں ہوتی، شور شرابہ کرتی تو مجھے خوشی ہوتی، جنہوں نے مجھے ووٹ نہیں دیا، میں اُن کی بھی وزیراعلیٰ ہوں اور اُن کی بیٹی ہوں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ میں اب صرف مسلم لیگ ن کی وزیراعلیٰ نہیں ہوں بلکہ پورے پنجاب کی ہوں، اس لیے اپوزیشن کو جب اور جس وقت میری ضرورت ہوئی میں دستیاب ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ میرا ایوان میں ہونا سیاسی کارکنوں کی خدمات کا اعتراف ہے، اپوزیشن کے اسمبلی پر نہ ہونے پر افسوس ہے، خواہش تھی کہ اپوزیشن بھی موجود ہوتی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بزنس مین کے کاروبار کے فروغ کے لیے مزید بہتری لائیں اور ان کی مدد کریں، ہم بہترین حل پیش کریں گے، جو کاروبار حکومت چلا رہی ہیں انہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلایا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ رمضان میں نئے ماڈل کے تحت راشن ضرورت مندوں کے گھر تک پہنچایا جائے گا تاکہ لمبی لمبی قطاروں میں نہ لگنا پڑے، آج سے ہی اشیاء خورونوش کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے مانیٹرنگ شروع کر رہی ہوں تاکہ مقررہ نرخ سے زائد پر اشیاء فروخت نہ کی جا سکے۔
دوران خطاب، والدہ کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ انہوں نے کہا کہ ‏ہم پر بھی انتہائی مشکل وقت آئے، جب ہر چیز ہمارے خلاف تھی، ظلم اور بربریت کانشانہ بنایا گیا لیکن ہم نے میدان خالی نہیں چھوڑا۔

متعلقہ خبریں