انسٹاگرام پر عریاں ویڈیوز و تصاویر کو چھپانے کے فیچر کی آزمائش
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر عریاں ویڈیوز اور تصاویر کو چھپانے یا انہیں بلر کرنے کے فیچر کی آزمائش شروع کردی گئی۔
انسٹاگرام نے بلاگ پوسٹ میں تصدیق کی کہ پلیٹ فارم پر نیوڈٹی پروٹیکشن فیچر کی آزمائش شروع کردی گئی، جس کے تحت نامناسب مواد کو چھپایا جائے گا۔
مذکورہ فیچر کے تحت انسٹاگرام کا آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سسٹم از خود عریاں ویڈیوز اور تصاویر کو براہ راست انباکس میں بھیجے جانے کے بعد چھپا دے گا یا انہیں بلر کردے گا۔
یعنی جیسے ہی کوئی صارف دوسرے صارف کو فحش ویڈیوز یا تصاویر بھیجے گا تو انسٹاگرام کا اے آئی سسٹم مرد و خواتین کے جنسی اعضا کی شناخت کے بعد ایسی ویڈیوز اور تصاویر کو بلر کردے گا۔
فیچر کے تحت ویڈیوز اور تصاویر کو ڈیلیٹ نہیں کیا جائے گا بلکہ انہیں انتباہ کے طور پر چھپا دیا جائے گا یا انہیں بلر کردیا جائے گا، جس کے بعد صارف مذکورہ ویڈیو یا تصویر پر کلک کرکے اسے درست طریقے سے دیکھنے کے اہل ہوجائے گا۔
مذکورہ فیچر کی آزمائش خصوصی طور پر نوعمر صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے کیوں کہ انسٹاگرام 18 سال سے کم عمر صارفین میں بھی مقبول ہے اور دیکھا گیا ہے کہ ایسے کم عمر صارفین کو فحش مواد انباکس میں زیادہ بھیجا جاتا ہے۔
انسٹاگرام سمیت دیگر ایپلی کیشنز اور ویب سائٹس کو بھی کم عمر افراد کو جنسی مواد سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے اور مختلف پلیٹ فارمز مختلف اوقات میں نوعمر صارفین کے تحفظ کے لیے فیچرز پیش کرتے رہے ہیں۔