پشاور(قدرت روزنامہ) جمعیت علمائے اسلام کو مخصوس نشست دینے کے خلاف ن لیگ کی جانب سے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی . الیکشن کمیشن کی جانب سے جے یو آئی کو اقلیتی نشست دینے کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں الیکشن کمیشن ، اسپیکر صوبائی اسمبلی اور جے یو آئی ف کے اقلیتی رکن گورپال سنگھ کو فریق بنایا گیا ہے .
عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 26 مارچ کو اقلیتی نشست پر گورپال سنگھ کے نام کا اعلامیہ جاری کیا . درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ مسلم لیگ ن کی 7 مخصوص نشستیں بنتی تھیں . الیکشن کمیشن نے 7 کے بجائے 6 نشستیں دیں . الیکشن کمیشن نے آئین ، الیکشن ایکٹ اور رولز کے خلاف درخواست گزار پارٹی کو ایک نشست کم دی .
مسلم لیگ ن کی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین اور الیکشن ایکٹ میں مخصوص نشستوں کے لیے فارمولا طے ہے . الیکشن کمیشن نے فارمولے کے برعکس درخواست گزار پارٹی کو ایک اقلیتی نشست سے محروم کردیا ہے . الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے . عدالت الیکشن کمیشن کے اعلامیے کو کالعدم قرار دے اور اس درخواست پر حتمی فیصلے تک اسپیکر اسمبلی کو گورپال سنکھ سے حلف لینے سے روکے .