کراچی(قدرت روزنامہ)افغان شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری ہونے کے حوالے سے ایف آئی اے نے نادرا اہلکاروں کی تفصیلات طلب کرلیں . ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے افغان شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری ہونے کے معاملے پر تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے نادرا سے جاری 6 پاکستانی شناختی کارڈز کی تفصیلات مانگ لیں .
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل سے جاری مراسلے میں تفصیلات اور متعلقہ ریکارڈ فراہمی کا کہا گیا ہے .
ایف آئی اے کے مطابق 6شناختی کارڈز مبینہ طور پر غیر ملکیوں کو جاری کیے گئے ہیں . شناختی کارڈز پراسیس کرنے والے اہلکاروں کے نام، سسٹم لاگ ان کی سرکاری تفصیلات سمیت فارم کے تصدیق کنندہ کی تفصلات بھی طلب کی گئی ہیں .
طلب کردہ تفصیلات میں ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار زرداد نامی افغان شہری کو محب اللہ کے نام سے جاری شناختی کارڈ بھی شامل ہے . محب اللہ کی مبینہ ماں امیراں بی بی سمیت 4 دیگر شناختی کارڈز کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں . افغان شہری زرداد کو محب اللہ کے نام سے شناختی کارڈ اجرا کے لیے مبینہ طور پر امیراں بی بی کے خاندان میں شامل کیا گیا . نادرا کو ارسال مراسلے میں ریجنل ہیڈکوارٹرز نادرا کے ڈائریکٹر آپریشنز کو بھی درکار ریکارڈ کے ہمراہ پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے .