برٹش ایئر ویز کی پرواز یا کھٹارا بس؟ ایسی ویڈیو سامنے آگئی کہ جس کے بعد آپ پی آئی اے کو کبھی برا نہیں کہیں گے
لندن(قدرت روزنامہ) برٹش ایئرویز کی پرواز میں سفر کرنے والے ایک برطانوی شہری نے اپنے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں اس پرواز کے متعلق کچھ ایسے انکشافات کیے ہیں کہ دیکھ کر یقین کرنا مشکل ہو جائے کہ یہ آدمی ہوائی جہاز میں بیٹھا تھا یا کسی لوکل بس میں۔ میل آن لائن کے مطابق اس 37سالہ مسافر کا نام جرویس مارکوس ہے جس نے اپنی اس ویڈیو میں نہ صرف جہاز کی پھٹی ہوئی سیٹیں، گندی ٹرے ٹیبلز اور انتہائی ناقص کھانا دکھایا بلکہ اس نے یہ بھی دکھایا کہ جہاز کی چھت سے پانی ٹپک رہا ہوتا ہے اور مسافروں کے لیے سیٹوں پر بیٹھنا دوبھر ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جرویس بتاتا ہے کہ اس نے برٹش ایئرویز کی میکسیکو سے لندن جانے والے پرواز کی فرسٹ کلاس میں سفر کرنے کے لیے 4ہزار پاﺅنڈ کی رقم خرچ کی مگر اس فرسٹ کلاس میں کچھ ایسا تجربہ ہوا کہ جس کا اکانومی کلاس کے مسافر بھی سوچ بھی نہیں سکتے۔جرویس بتاتا ہے کہ ”جہاز میں سوار ہونے کے بعد جب میں نے ٹوٹی پھوٹی سیٹوں اور گندی ٹیبلز سمیت دیگر انتہائی ناقص انتظامات دیکھے تو مجھے شدید جھٹکا لگا۔ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ جہاز کی چھت سے اس طرح پانی ٹپک سکتا ہے۔ میرے ساتھ میری 33سالہ گرل فرینڈ کامرہ ہارڈنگ بھی سفر کر رہی تھی۔ وہ یہ سب کچھ دیکھ کر گویا سکتے میں چلی گئی۔ ہم نے یہ 11گھنٹے انتہائی تکلیف کے عالم میں گزارے۔ “
