پنجاب اسمبلی میں ’آپریشن عزم استحکام‘ کی حمایت میں قرارداد جمع
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پنجاب اسمبلی میں ’آپریشن عزم استحکام‘ کی حمایت میں قرارداد جمع کرا دی گئی ہے۔ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ’آپریشن عزم استحکام‘کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتا ہے۔ یہ ایوان آپریشن عزم استحکام کی مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے۔ ایوان آپریشن عزم استحکام کی کامیابی کے لیے دعا گو ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ایوان افواج پاکستان، پولیس اور تمام سیکیورٹی اداروں کو بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وفاق سمیت تمام صوبائی حکومتوں کو متحد اور یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہونا چاہیے۔
دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پوری قوم افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ پرامن پاکستان خوشحال پاکستان کا ضامن ہے۔