وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے زمیندار ایکشن کمیٹی کے نمائندہ وفد کی ملاقات
کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے زمیندار ایکشن کمیٹی کے نمائندہ وفد کی ملاقات‘ملاقات میں صوبائی وزراء پارلیمانی سیکرٹریز اور چیف سیکرٹری بلوچستان سمیت سیکرٹری توانائی اور سیکرٹری زراعت کی بھی شرکت ۔
وفد نے بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے کی کامیابی پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور اراکین کابینہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔صوبائی حکومت نے زمینداروں کے درینہ مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کیے ہیں ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہاہے کہ ہماری کوشش ہے کہ ایک ماہ میں اس منصوبے پر کام مکمل کر لیا جائے۔جب تک اس منصوبے پر مکمل عمل درآمد ہوتا ہے اس وقت تک زمینداروں کو 6 گھنٹے بجلی کی سپلائی یقینی بنائی جائے گی ۔اس منصوبے پر عملدرآمد کے لیے زمینداروں کے ساتھ ملکر مشترکہ لائحہ عمل بنائینگے ۔ زمینداروں کے تعاون سے مصدقہ ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنا ہے۔ غیر قانونی کنیکشنز کے مکمل خاتمے کے لیے قانون سازی بھی کی جائے ۔ یہ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس اہم منصوبے پر مکمل عمل درآمد کروائیں ۔
زمیندار ایکشن کمیٹی نے کہاکہ بلوچستان میں اس اہم منصوبے پر پیشرفت اور عملدرآمد ایک تاریخی اقدام ہے۔ وزیراعلیٰ اور انکی ٹیم نے تمام سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر صوبے کے وسیع تر مفاد میں اہم فیصلہ کیا۔ ملاقات میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی منصوبے پر عملدرآمد سے متعلق انکے بھرپور اور متحرک کردار کو بھی سراہا گیا ۔