راولپنڈی(قدرت روزنامہ) جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہمارا کوئی ذاتی مقصد نہیں ہم آئی پیز کو لگام دینا چاہتے ہیں . لیاقت باغ راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 25 کروڑ عوام کو حق ملے بغیر دھرنا ختم نہیں ہوگا .
ہمارا کوئی ذاتی مقصد نہیں آئی پیز کو لگام دینا چاہتے ہیں . آئی پیز خون نچوڑ رہی ہیں ان کی معیاد ختم ہو چکی ہے . ہم چاہتے تو ڈی چوک پہنچتے اور یہ دھرنا سبوتاژ کرتے لیکن ہم نے ایسا نہیں ہونے دیا . حکومت خام خیالی میں نہ رہے ہم یہاں سے نہیں جائیں گے . ابھی مزید قافلوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا .
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سول اور فوجی بیورو کریسی جاگیردار سرمایہ دار ہم پر اپنی معاشی پالیسیاں مسلط کرتے ہیں . اب انڈسٹری والے تاجر بھی بل نہیں دے سکتے . ہم بجلی کی قیمت کم کرنا چاہتے ہیں . راولپنڈی ، لاہوراور فیصل آباد میں تاجرکہتے ہیں ہم انڈسٹری نہیں چلا سکتے . ملک میں حکمران انارکی پیدا کرنا چاہتے ہیں . اگر مذاکرات کو درست نہیں کریں گے . بجلی کے بل کم نہیں کریں گے اور تنخواہ دار سلیب ختم نہیں کریں گے ہمارا دباؤ بڑھتا چلا جائے گا .
انہوں نے مزید کہا کہ ہم بتائیں گے کہ معیشت کیسے چلانی ہے . یہ دھرنا یہاں نہیں رہے گا پورے ملک میں پھیلے گا . لوگوں کو ریلیف دینا ہوگا . ہماری مشاورت کا عمل جاری ہے پھر مزید بات کریں گے . لیاقت بلوچ کو ذمہ دار بنایا ہے . حکومت نے جس بندے کا نام دیا ہے وہ ملک میں نہیں ہے . یہ حکومت کی سنجیدگی ہے . حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور لیاقت بلوچ سے بات کرے . عوام کو ریلیف دینا ہوگا ٹالنے کے لیے کوئی بات نہ کرے . ڈی چوک جانا کوئی پرابلم نہیں جب چاہیں گے سارے آپشن کھلے ہیں .