اللّہ تعالیٰ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پاکستان اور مسلم دنیا کیلئے اُن کی تمام خدمات کا اجر دے گا: شاہد آفریدی
لاہور (قدرت روزنامہ) سابق کپتان شاہد آفریدی نے محسنِ پاکستان، ایٹم بم کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ’ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال کی خبر سُن کر بہت دُکھ ہوا، وہ ہمیشہ ہیرو رہیں گے ، پاکستان کے لیے ان کی خدمات بے مثال ہیں، اللّہ تعالیٰ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پاکستان اور مسلم دنیا کے لیے اُن کی تمام خدمات کا اجر دے گا‘۔
واضح رہے کہ محسنِ پاکستان، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان آج صبح 85 برس کی عمر میں رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ عرصہ پہلے کورونا میں مبتلا ہوئے تھے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پھیپھڑوں میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو صبح 6 بجے کے قریب کے آر ایل ہسپتال لایا گیا تھا جہاں ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہو گئی تھی، ڈاکٹروں نے ایٹمی سائنسدان کو بچانے کی پوری کوشش کی تاہم صبح 7 بج کر 4 منٹ پر وہ دار فانی سے کوچ کر گئے۔
پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے جوہری سائنسدان کی نماز جنازہ فیصل مسجد اسلام آباد میں سہہ پہر 3 بج کر 30 منٹ پر ادا کی جائے گی جس میں وفاقی وزراء اور اعلیٰ عسکری قیادت کے علاوہ عوام کو بھی شرکت کی اجازت ہوگی۔ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی وصیت کے مطابق فیصل مسجد کے احاطے میں ہی سپرد خاک کیا جائے گا۔
