اسلام آباد

سیاسی جماعتوں میں اتحاد نہ ہونے کیوجہ سے دہشتگردی میں اضافہ ہورہا ہے، چیئرمین سینیٹ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے دہشتگردی میں اضافہ ہورہا ہے، پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
راولپنڈی میں صحت آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمیں اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے، قومی معاملات پر پاکستان تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کرنے چاہئیں، اس وقت ٹیم کے کپتان شہباز شریف ہیں، انہیں فیصلہ کرکے آگے بڑھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کے کپتان کے طور پر شہباز شریف کو فیصلے کرنے چاہئیں، وزیراعظم اگر کوئی فیصلہ کریں گے تو قومی سلامتی کے معاملات پر ان کا ساتھ دیں گے، پاکستان کی فورسز اپنا آج مستقبل کے لیے قربان کررہی ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وہ قوم کو متحد کریں۔
چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ معاشی ترقی کا انحصار پالیسیوں کے تسلسل پر ہے، ملکی ترقی کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، تمام اسٹیک ہولڈر اور اداروں سے کہوں گا صحت سے متعلق آگاہی پر اکٹھے ہو کر کام کریں۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نوجوان دنیا کو تبدیل کرنے کی طاقت رکھتے ہیں، نوجوان کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں، پاکستان کی ترقی اور مستقبل میں سب سے زیادہ کردار نوجوانوں کا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل کا وزیراعظم، صدر اورچیئرمین سینیٹ انہی نوجوانوں میں سے ہوگا۔

متعلقہ خبریں