کراچی کی عوام کےلئے خوشخبری: گرین لائن بس منصوبے کے لیے مزید 40 بسیں آج کراچی پہنچیں گی

(قدرت روزنامہ)شہرقائد کی عوام کےلئے خوشخبری: گرین لائن بس منصوبے کے لیے مزید 40 بسیں آج کراچی پہنچیں گی . تفصیلات کے مطابق پورٹ حکام کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ ’’ اوشین‘‘ نامی جہاز آج گیارہ بجے تک کراچی بندرگاہ پہنچے گا .

پورٹ پر برتھ ملنے کے بعد 40 بسیں جہاز سے اتاری جائیں گی . ذرائع کے مطابق گرین بسوں کی کل تعداد 80 ہو جائے گی ، نومبر کے وسط سے منصوبے پر بسیں چلنے کی توقع ہے . اس سے قبل کراچی پہنچنے والی گرین بسوں کی پہلی کھیپ آزمائشی طور پر گرین لائن ٹریک پر چلائی گئی تھی . گزشتہ ماہ چین سے کراچی پہنچنے والی 40 گرین بسوں میں سے 20 کوبندرگاہ سے سرجانی بس ڈپو منتقل کیا گیا تھا . واضح رہےکہ وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی گرین لائن ریپڈ بس سروس کے لیے درآمد کی جانے والی 40 بسوں کی پہلی کھیپ گزشتہ ماہ کراچی پہنچی تھی . مزید 40 بسوں کی دوسری کھیپ کی آمد آج متوقع ہے، مزید بسوں کی درآمد کا فیصلہ پہلی کھیپ کی بسوں کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے . اس کے علاوہ گرین لائن بس منصوبہ 20 اسٹاپس پر مشتمل ہے، جو پاور ہاؤس چورنگی نارتھ کراچی سے شروع ہوکر نمائش پر اختتام پذیر ہوگا، منصوبے سے یومیہ 3 لاکھ افراد کو سفری سہولت مہیا ہوگی . یاد رہے کہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے گزشتہ ماہ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران اکتوبر 2021 سے گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کے آغاز کا اعلان کیا تھا . کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی بدحالی پر 2015 میں مرتب کی جانے والی ایک تحقیق کی بنیاد پر فروری 2016 میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا جسے 2017 کے اختتام تک مکمل ہونا تھا . منصوبہ کی ابتدائی لاگت کا تخمینہ 16 ارب 85 کروڑ روپے لگایا گیا تھا، تاہم سندھ حکومت کی تجویز پر اس منصوبے کے روٹ میں مزید 10 کلو میٹر کا اضافہ کیا گیا جس سے لاگت 24 ارب روپے تک بڑھ گئی . موجودہ حکومت نے منصوبے کے لیے بسوں کی فراہمی کی مختلف ڈیڈ لائنز کا اعلان کیا جس کے بعد آخر کار پہلی کھیپ پہنچ گئی اور آج دوسری کھیپ کی آمد متوقع ہے . . .

متعلقہ خبریں