عمران خان کے لاپتا سابق چیف سکیورٹی افسر گھر پہنچ گئے، عدالت کا تحقیقات کا حکم
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)بانی پی ٹی آئی کے لاپتا سابق چیف سکیورٹی افسر عمر سلطان واپس گھر پہنچ گئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمر سلطان کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران عمر سلطان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمر سلطان واپس آگئے ہیں، انہیں عدالت میں بھی پیش کرتے لیکن ان کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی۔
اس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے سوال کیا شہری واپس آگیا ہے اب کیا چاہتے ہیں آپ؟ اس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں آزادانہ تحقیقات ہوجائے، ایف آئی آر درج ہو چکی ہے۔
بعد ازاں عدالت نے آزادانہ تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے عمر سلطان کی بازیابی کا کیس نمٹا دیا۔
یاد رہے کہ عمرسلطان بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سابق چیف سکیورٹی افسر رہے ہیں۔