پنجاب میں بدمعاشی کلچر برداشت نہیں، کسی کو معافی نہیں دیں گے، مریم نواز
صوبے بھر میں پولیس پٹرولنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ہر علاقے میں پولیس کی موجودگی نمایاں نظر آئے اور جرائم پیشہ عناصر کے دلوں میں قانون کا خوف پیدا ہو؛ امن و امان سے متعلق اجلاس میں اظہار خیال

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کا خاتمہ کرنے اور پولیس کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام متعلقہ فیلڈ افسران کو چار ہفتوں کی مہلت دے دی، انہوں کہا ہے کہ مقررہ مدت میں کارکردگی بہتر نہ ہونے پر غفلت کے مرتکب افسران کو فوری طور پر ان کے عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق ایک اہم اور خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبہ بھر کے آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس کے دوران تمام ڈویژنز اور اضلاع میں جرائم کی شرح اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، بریفنگ کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے خواتین اور بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ ان بھیانک جرائم کی روک تھام کے لیے فوری اور غیر معمولی اقدامات اٹھائے جائیں۔
اجلاس کے دوران امن و امان اور انتظامی امور پر سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے مریم نواز نے حکم دیا کہ صوبے کے تمام اضلاع، بالخصوص سرحدی علاقوں سے گندم کی اسمگلنگ کو ہر صورت روکا جائے، انہوں نے پولیس محکمے کے اندر انسدادِ رشوت ستانی کی مہم کو مزید تیز کرنے اور بدعنوانی میں ملوث کالی بھیڑوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دیا۔
اس کے علاوہ، ٹریفک مینجمنٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے شاہراہوں پر اوور اسپیڈنگ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی، مریم نواز نے صوبے بھر میں ناجائز اسلحہ رکھنے والے عناصر کے خلاف پیشگی کارروائیاں کرنے اور اسلحے کی بڑی برآمدگی کو یقینی بنانے کا بھی حکم دیا، جبکہ کیمرے والی عینک سمیت دیگر خفیہ جاسوسی آلات کے استعمال پر پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت جاری کی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں پولیس پٹرولنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ہر علاقے میں پولیس کی موجودگی نمایاں نظر آئے اور جرائم پیشہ عناصر کے دلوں میں قانون کا خوف پیدا ہو، اس سلسلے میں انہوں نے لاہور میں ڈولفن فورس کو موٹر سائیکلیں اور دیگر درکار سہولیات فوری فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی، اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال پر خصوصی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام آر پی اوز کو پابند کیا کہ وہ جرائم کی روک تھام کے لیے ہفتہ وار اجلاس منعقد کریں اور متعلقہ ڈی پی اوز کی کارکردگی رپورٹس باقاعدگی سے پیش کریں، پنجاب کی سرزمین پر کسی بھی قسم کا بدمعاشی کلچر ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس میں ملوث عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، منشیات کے مکمل خاتمے، جرائم کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی اور تمام مجرمانہ نیٹ ورکس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔
معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں ہجوم اور احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کے لیے قائم کردہ مخصوص آر ایم سی پولیس فورس کی استعداد کار بڑھانے کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی، وزیراعلیٰ نے حالیہ مجوزہ دھرنے کے دوران بہترین اور ذمہ دارانہ ڈیوٹی سر انجام دینے پر آر ایم سی فورس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، دورانِ ڈیوٹی جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے شہید پولیس افسران کے اہل خانہ کے لیے تاحیات تنخواہ اور ایک خصوصی پیکج دینے کی بھی ہدایت کردی۔
