وزیر اعلیٰ جام کمال اور عثمان بزدار اپنی مدت پوری کرینگے،انوار الحق کاکڑ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبے میں تبدیلی کی خواہش رکھنے والوں کو ناکامی ہو گی ، وزیراعلیٰ جام کمال اور عثمان بزدار اپنی مدت پوری کریں گے ، چند عناصر نے ٹویٹ کا سہارا لے کر پارٹی کا عبوری صدر تعینات کرنے کی کوشش کی . جمعرات کومیڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے چند ایسے دوست ہیں جو چاہتے ہیں کہ صوبائی قیادت میں تبدیلی ہو،ایسے فیصلے جمہوریت میں اکثریت کی بنیاد پر ہوتے ہیں ، لیکن یہ گروہ اقلیت میں ہے ، امید ہے کہ ان میں سے اکثر لوگ پلٹ کر آجائیں گے، صوبائی حکومت کے خلاف کو ئی ایسا چارج نہیں جس پر تبدیلی کی بات کی جائے .

انہوں نے کہا کہ جام کمال بدستور پارٹی صدر ہیں، جب تک نئے پارٹی الیکشن نہیں ہوتے، جنرل کونسل نیا پارٹی صدر اور سیکرٹری منتخب نہیں کرتی وہ صدر رہیں گے ،جس ٹوئٹ کو بنیاد بنایا جا رہا ہے، اس میں جام کمال صاحب نے صدر کا عہدہ چھوڑنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا لیکن انہوں نے تحریری طور پر استعفیٰ نہیں دیا ، پارٹی صدر کی تبدیلی کی خواہش رکھنے والے عناصر بے نقاب ہو گئے ہیں ، صوبے میں تبدیلی کی خواہش رکھنے والوں کو ناکامی ہو گی ، وزیراعلیٰ جام کمال اور عثمان بزدار اپنی مدت پوری کریں گے . . .

متعلقہ خبریں