پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو لاپتا ظاہر کرتے ہوئے بازیابی کا مطالبہ کردیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو لاپتا ظاہر کرتے ہوئے بازیابی کا مطالبہ کردیا۔
پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس ہینڈل سے شیئر کی پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک صوبے کا منتخب وزیر اعلیٰ لاپتا ہے، اور سب جانتے ہیں کہ انہیں کون غیر قانونی طور پر حراست میں لے سکتا ہے، اس لیے پوری دنیا کے سامنے پاکستان کا مذاق اڑانا بند کریں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 4 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں احتجاج کی کال دی تھی، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا قافلہ آج سہ پہر اسلام آباد پہنچا۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اسلام آباد پہنچنے کے بعد کے پی ہاؤس روانہ ہوگئے تھے، جس کے بعد سے ان کی گرفتاری کے حوالے سے متضاد اطلاعات سامنے آرہی ہیں، تاہم سیکیورٹی ذرائع نے اس کی تردید کردی ہے۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب اور علی امین گنڈاپور کے بھائی فیصل امین نے وزیراعلیٰ کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا موقف ہے کہ ہمیں کچھ معلوم نہیں وزیراعلیٰ کہاں پر ہیں کیونکہ ان کے ساتھ رابطہ نہیں ہو رہا۔
علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد پہنچنے کے بعد کہا تھا کہ ہم فسطائیت کے باوجود اسلام آباد پہنچ گئے، اب آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان عمران خان کریں گے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کے باوجود احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔