معروف سعودی فاسٹ فوڈ چین ‘البیک’ پاکستان کب آرہی ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سعودی عرب کی مشہور فاسٹ فوڈ چین ‘البیک’ جلد پاکستان میں بھی کاروبار شروع کرنے جارہی ہے۔ سعودی عرب سے پاکستان آئے ہوئے سرمایہ کاروں میں البیک فوڈ سسٹم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) رامى ابو غزالہ بھی شامل ہیں۔
بات کرتے ہوئے سی ای او البیک فوڈ سسٹم نے بتایا کہ پاکستانی کمپنی ‘گو پیٹرولیم’ کے ساتھ انہوں نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخظ کردیے ہیں اور اس حوالے سے ابتدائی کاروباری اسٹڈی کا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔
اس حوالے سے آرامکو کے ایک اعلیٰ اہلکار نے وی نیوز کو بتایا کہ البیک کے حوالے سے فیزیبیلیٹی اسٹڈی مکمل ہوچکی ہے اور امید ہے اگلے سال تک البیک کا فرائی چکن پاکستان میں دستیاب ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ناصرف سعودی آرامکو کے پیٹرول پمپس پر البیک کے آوٹ لیٹ کھلیں گے بلکہ پاکستان بھر میں ریسٹورنٹ کھولنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
رامى ابو غزالہ نے مزید بتایا کہ البیک انشااللہ پاکستان آئے گا۔ ’اس وقت ہم جائزہ لے رہے ہیں اور کاروبار سے متعلق ضروری معلومات لینے، مارکیٹ کی حکمتِ عملی اور تحقیق جاری ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم اللہ کی مہربانی سے پاکستان کی بہت اچھی کمپنی ’گو پیٹرولیم‘ کے ساتھ ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرچکے ہیں۔ یہ کمپنی سعودی آرامکو کی شراکت دار ہے لہٰذا اب ہم ملکر حکمت عملی بنانے پر کام کررہے ہیں۔
ان سے پوچھا گیا کہ دنیا بھر میں البیک کی کامیابی اور شہرت کا راز کیا ہے؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ ’یہ اللہ کی رحمت اور برکت ہے۔ ہم تو صرف اس کی عطا کردہ امانت کو آگے لے کر چل رہے ہیں‘۔
پاکستان میں کاروبار کے مواقع سے متعلق سوال پر البیک کے سی ای او کا کہنا تھا کہ پاکستان اور پاکستان کے لوگ انتہائی خوبصورت اور اچھے ہیں اور ان کی خدمت ہمارے لیے باعث افتخار ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ دوبارہ بھی پاکستان کا دورہ کرنا چاہیں گے۔
یاد رہے کہ فاسٹ فوڈ چین البیک سعودی عرب کی سب سے بڑی فوڈ چین ہے اور دنیا کے 80 ممالک میں اس کا برینڈ رجسٹرڈ ہے۔