پاکستان میں سستی اور تیز ترین الیکٹرک بائیکس متعارف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ای ٹربو موٹرز نے پاکستان میں سستی اور تیز ترین الیکٹرک موٹر بائیکس متعارف کروا دی ہیں۔
بدھ کے روز کراچی میں ای ٹربو موٹرز کی جانب سے ملک کی سستی ترین ای وی موٹر بائیکس کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
تقریب میں مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، کارپوریٹ سیکٹر سے تعلق رکھنے والی مختلف تنظیموں کے سی ای اوز، میڈیا کے نمائندوں اور دیگر مہمانوں نے بھی شرکت کی۔
ای ٹربو موٹرز کی جانب سے متعارف کرائی گئی موٹرسائیکلیں ایک ہی چارج پر 300 کلومیٹر تک آسانی سے سفر کرسکتی ہیں، جو پاکستان میں نقل و حمل کی بڑھتی ہوئی ضروریات کا ایک سستا اور ماحول دوست حل ہے۔
یہ گرین انرجی کے عزائم کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہے‘
اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے منصوبے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ای ٹربو موٹرز کا آغاز پاکستان کے گرین انرجی کے عزائم کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہے، اس سے نہ صرف ملک کے ماحولیاتی اہداف کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، انہوں نے اہم سنگ میل حاصل کرنے پر ای ٹربو موٹرز کو مبارکباد بھی پیش کی۔
ای ٹربو موٹرز کے سی ای او شیخ اسامہ ندیم نے کہا تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا وژن ہر پاکستانی کو سستی، ماحول دوست اور قابل اعتماد ذرائع آمدورفت فراہم کرنا ہے، ہم نے اپنی موٹرسائیکل رینج کو نوجوان لڑکوں، لڑکیوں اور درمیانی عمر کے مرد و خواتین سمیت مختلف طبقات کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا ہے، یہ صرف شروعات ہے اور ہمارا مقصد پاکستان کو پائیدار مستقبل کی طرف لے جانا ہے۔
ای ٹربر موٹرز نے مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مختلف قسم کی الیکٹرک موٹر سائیکلیں متعارف کرائی ہیں، ای سی او ویریئنٹ 60 وولٹ کی لیتھیم بیٹری سے لیس ہے جبکہ موٹرسائیکل ایک بار چارج کرنے پر 70 کلومیٹر کی زیادہ رفتار سے 200 کلومیٹر تک سفر کی رینج رکھتی ہے۔
اسی طرح کمپنی کی جانب سے متعارف کرائے گئی واریر اور ای وی ویریئنٹس 72 وولٹ کی بیٹری سے لیس ہیں، ان دونوں موٹرسائیکلوں کی ٹاپ اسپیڈ 120 کلومیٹر ہے، جب کہ دونوں موٹرسائیکلیں ایک بار چارج ہونے پر 300 کلومیٹر تک آسانی سے سفر کرسکتی ہیں۔
کمپنی کی طرف سے متعارف کرائی گئی ایک اور موٹر سائیکل، PULSAR، ایک متوازن آپشن فراہم کرتی ہے، یہ موٹرسائیکل 90 کلومیٹر کی رفتار کے ساتھ ایک بار چارج کرنے پر 230 کلومیٹر تک آسانی سے سفر کرسکتی ہے۔
مختصر سفر کے لیے کمپنی نے تھنڈربولٹ اور تھنڈر برڈ جیسی موٹرسائیکلیں متعارف کروائی ہیں، یہ دونوں موٹرسائیکلیں 95 کلومیٹر کی رفتار کے ساتھ ایک چارج میں 110سے 120 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ای ٹربو موٹرز آنے والے سالوں میں اپنی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے اور مزید جدید مصنوعات متعارف کرانے کے لیے اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
گرین ٹیکنالوجی اور پائیداری کے لیے کمپنی کی وابستگی پاکستان کے آٹو سیکٹر کے منظر نامے کو نئی شکل دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔