پاکستان

ایمان مزاری اور شوہر جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے


پولیس کی جانب سے 30 دن کے ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے وکیل ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
انسداد دِہشتگردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کار سرکار میں مداخلت کے الزام میں گرفتار ایمان مزاری کے خلاف کیس کی سماعت کی۔
پولیس نے دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا اور 30 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ ایمان مزاری کی جانب سے زینب جنجوعہ ایڈوکیٹ اور احسن پیرزادہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔
انسداد دِہشتگردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے فیصلہ سناتے ہوئے دونوں ملزمان کو تین دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
ایڈوکیٹ ایمان مزاری اور ہادی علی ایڈووکیٹ کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ایمان مزاری اور ان کے شوہر کو کار سرکار میں مداخلت پر آب پارہ پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہےکہ بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کے دورے کے درمیان کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے سیکورٹی رسک پیدا کرنے پر ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دونوں کو قانون اور ضابطے کے مطابق گرفتار کیا گیا۔

متعلقہ خبریں