عطا تارڑ کی پریس کانفرنس پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلانا چاہیے، ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ ظلم اور جبر کے بعد عطا تارڑ کی پریس کانفرنس یزیدیت کی نئی مثال ہے جس پر پی ٹی آئی کو فوری طور پر سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا چاہیے۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جعلی اور ظالم حکومت نے ظلم اور بربریت کی ایک اور داستان رقم کی، ماڈل ٹاون کے بعد سانحہ ڈی چوک بھی جعلی حکومت کے ماتھے کا جھومر بن گیا ہے۔
ظلم کیا گیا ہے جب تاریخ لکھی جائے گی تو قلم بھی کانپ جائے گا، ظلم ہمیشہ خوفزدہ لوگ کرتے ہیں، نہتے کارکنوں پر گولیاں برسانا خوفزدہ ہونے کا ثبوت ہے۔‘
بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت ظلم کرکے ہار گئی جبکہ پی ٹی آئی ظلم برداشت کرکے جیت گئی، انہوں نے الزام عائد کیا کہ جعلی اور ظالم حکومت نے 18 اور 20 سال کے نوجوانوں کے سروں میں گولیاں اتاریں۔
جعلی حکومت ماتم کی بجائے جشن منا رہی ہے، ظلم اور بربریت کے ذریعے عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا ہے، ظلم اور جبر کے بعد عطا تارڑ کی پریس کانفرنس یزیدیت کی نئی مثال ہے۔‘
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو فوری طور پر سینٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا چاہیے اور اس ضمن میں خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کیا جارہا ہے۔