حکومت کا بیرون ملک سے کمرشل مقدارمیں اشیا ساتھ لانے پرمکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت پاکستان کے ریونیوڈویژن نے بیرون ملک سے کمرشل مقدارمیں اشیا ساتھ لانے پرمکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے اسکیم میں ترمیم سے متعلق نوٹیفیکشن بھی جاری کر دیا گیاہے۔
پیر کو حکومت پاکستان ریونیو ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں فیڈرل بورڈ آف (ایف بی آر) نے بیگیج اسکیم میں ترمیم سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق بیرون ملک سے ذاتی استعمال کے لیے ایک موبائل فون لانے کی اجازت ہوگی۔
ترمیم کے تحت1200 ڈالرسے زیادہ مالیت کی اشیا کمرشل تجارت کے طورپرتصورکی جائیں گی، ترمیم کے تحت ایک موبائل فون کے سوا تمام موبائل فون ضبط کر لیےجائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مجوزہ ترمیم کے تحت باہر سے لائی جانے والی اضافی اشیا ڈیوٹی، ٹیکس، جرمانے کے باوجود کلیئرنہیں ہوں گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بیگج رولز 2006 میں مزید ترامیم سے متعلق مسودہ جاری کردیا گیا ہے، قوانین میں ترامیم سے متعلق7 روزمیں سفارشات دی جا سکتی ہیں، مقررہ معیاد کے بعد موصول ہونے والی تجاویزاورآرا قابل قبول نہیں ہوں گی۔