وزیراعظم نے نواز شریف اور اسٹیبلشمنٹ کو آن بورڈ لے کر ہی مذاکراتی کمیٹی بنائی ہوگی، رانا ثنااللہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے جو کمیٹی تشکیل دی ہے، اس سے قبل انہوں نے ضرور نواز شریف اور اسٹیبلشمنٹ کو آن بورڈ لیا ہوگا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج ہونے والی مذاکراتی نشست میں پی ٹی آئی نے اپنے مطالبات پیش کیے ہیں، جس کے بعد ہم نے انہیں کہا ہے کہ تحریری شکل میں ہمیں اپنے مطالبات پیش کیے جائیں۔
انہوں نے کہاکہ 10 سال بعد حکومت اور اپوزیشن ایک میز پر بیٹھی ہیں جو خوش آئند ہے، 2014 کے دھرنوں سے لے کر اب تک ملک میں کوئی دن خیر کا نہیں گزرا۔
مشیر وزیراعظم نے کہاکہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ حزب اقتدار اور حزب اختلاف ایک میز پر نہ بیٹھ سکیں، لیکن 2011 کے بعد سے یہ ہورہا تھا۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے اگر پی ٹی آئی کے خلاف 200 مقدمات درج کیے ہیں تو انہوں نے بھی 250 مقدمات درج کیے تھے، یہ تو ہمیں ختم کرنے کے لیے زور لگا رہے تھے لیکن ہم نے اس نیت سے کچھ نہیں کیا۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ قوم ایک آئین پر متفق ہے اور سبھی اس کو مانتے ہیں، 2 جنوری کو پی ٹی آئی کی تحریری چیزیں سامنے آئیں گی تو پھر بات چیت آگے بڑھے گی۔
واضح رہے کہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کی کمیٹیوں کے درمیان آج مذاکرات کا پہلا دور ہوا جس میں پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی اور 9 مئی و 26 نومبر پر کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔ جبکہ آئندہ اجلاس 2 جنوری کو ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *