سنی اتحاد کونسل نے 26 ویں ترمیم سپریم کورٹ میں چیلنج کردی

ترمیم کے تحت ہونیوالے تمام فیصلوں، نوٹیفکیشنز، تقرریوں کو کالعدم قرار دینے کی استدعا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سنی اتحاد کونسل نے 26 ویں ترمیم کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 26 ویں ترمیم غیر قانونی اور غلط طریقے سے منظور کی گئی ہے، درخواست میں آئینی ترمیم کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ 26 ویں ترمیم 2024 غیر آئینی، غیر قانونی، اور ناقابل عمل ہے جس سے آئین کی اہم خصوصیات اور بنیادی اقدار ختم ہوگئیں، اس ترمیم سے بنیادی حقوق اور اختیارات کی تقسیم متاثر ہوئی۔
درخواست میں کہا گیا کہ 26 ویں ترمیم سے عدلیہ کی آزادی ختم ہو گئی، یہ ترمیم آئین کی بنیادی خصوصیات کو بدلنے، منسوخ یا ختم کرنے کی کوشش ہے، ترمیم آئین کے آرٹیکل 239 کے تحت غیر قانونی اور ناقابل عمل ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 26 ویں ترمیم کے سیکشنز 7، 10، 14، 17، 21 اور 27 کو غیر آئینی قرار دیا جائے، اس ترمیم کے تحت ہونیوالے تمام فیصلوں، نوٹیفکیشنز، تقرریوں یا دیگر اقدامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواست میں یہ استدعا بھی کی گئی کہ 26 ویں ترمیم کے حق میں ووٹوں کے حصول کے طریقہ کار کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں، سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) ترمیمی ایکٹ 2024 اور سپریم کورٹ (ججز کی تعداد) ترمیمی ایکٹ 2024 کو غیر آئینی قرار دیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *