چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے پُرعزم ہیں، چیئرمین پی سی بی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے پُرعزم ہے، معاہدہ برابری اور عزت کی بنیاد پر طے پانا خوش آئند ہے۔
اپنے ایک بیان میں محسن نقوی نے کہاکہ پاکستان چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ کو اپنی مکمل صلاحیتوں کے ساتھ کامیابی سے منعقد کرےگا، معاہدے سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ معاملات کو باہمی تعاون سے طے کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کے لیے ایک یادگار تجربہ ثابت ہوگا، بین الاقوامی کرکٹ کے مفادات کو فروغ دینے کے لیے بورڈ ممبرز نے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔
محسن نقوی نے کہاکہ پاکستان کے لیے چیمپیئنز ٹرافی کا انعقاد ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان معاہدے میں تعمیری کردار پر آئی سی سی بورڈ ممبرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ میں پوری دنیا کو خوش آمدید کہنے کے لیے ہم تیار ہیں، اور اپنی مشہور میزبانی دکھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے چیمپیئنز ٹرافی شیڈول کا باضابطہ اعلان کردیا ہے، جس کے مطابق ایونٹ کا آغاز 19 فروری کو کراچی سے پاک نیوزی لینڈ میچ سے ہوگا، جبکہ بھارت کے میچز دبئی میں ہوں گے۔