پاکستان ایڈز کے نشانے پر، ماہانہ کیسز کی تعداد ہزار سے بھی زیادہ ہوگئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں ایچ آئی وی کے نئے کیسز میں تشویشناک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 2024 کے پہلے 9 ماہ میں ایچ آئی وی کے 9 ہزار 713 کیسز رپورٹ ہوئے، ملک بھر میں ماہانہ اوسطاً 1 ہزار 79 افراد ایچ آئی وی کا شکار ہونے لگے ہیں۔
وفاقی وزارت صحت کے مطابق 2024 کے 12 مہینوں میں ایچ آئی وی کے 12 ہزار 950 کیسز سامنے آنے کا خدشہ ہے جب کہ گزشتہ برس ایچ آئی وی ایڈز کے 12 ہزار 731 کیسز سامنے آئے تھے۔
وفاقی وزارت صحت کے مطابق اب تک کے ایچ آئی وی کیسز میں مرد 69.4 فیصد، خواتین 20.5 فیصد، خواجہ سرا 4.1 اور بچے 6 فیصد ہیں۔ اس سال پنجاب میں سب سے زیادہ 5 ہزار 691 ایچ آئی وی کیسز رپورٹ ہوئے، سندھ 2 ہزار 383، خیبرپختونخوا میں 926 اور بلوچستان میں 329 ایچ آئی وی کیسز ریکارڈ کیے گئے۔
اسلام آباد میں 9 مہینوں میں 378 اور آزاد کشمیر میں ایچ آئی وی کے 10 کیس رپورٹ ہوئے۔ ایچ آئی وی کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ماہرین اور حکام نے وارننگ دی ہے کہ ہائی رسک گروپس سے ایچ آئی وی عام آبادی میں منتقل ہو رہا ہے جس کی اہم وجوہات کم آگہی، غیر محفوظ جنسی تعلقات اور صحت کی سہولیات میں حفاظتی اقدامات کی کمی ہیں۔