پی آئی اے کے 5 فضائی میزبان درجنوں موبائل فون اسمگل کرتے پکڑے گئے
کراچی(قدرت روزنامہ)پی آئی اے کی 2 ایئر ہوسٹس سمیت 5 فضائی میزبان اسمگلنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، عملے کے قبضے سے درجنوں موبائل فون برآمد ہوئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کی دبئی سے ملتان جانے والی پرواز کے عملے سے 78بیش قیمت موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں۔
مذکورہ 78 موبائل فون مجموعی طور پر عملے کے 5 ارکان سے برآمد ہوئے، اسمگلنگ میں ایئر ہوسٹس نشاط، صدف ناصر، فلائٹ اسٹیورڈ عمران اور خالد کے علاوہ پی آئی اے کا سینئر پرسن فیصل پرویز بھی شامل ہے۔
اطلاعات کے مطابق کسٹمز حکام نے خفیہ پیشگی اطلاع پر دو ایئر ہوسٹسز سے24موبائل فونز برآمد کیے ان سے تفتیش کے بعد ایئرہوسٹس کی نشاندہی پر 3مرد میزبانوں کو ہوٹل سے واپس بلایا گیا اور مزید 54فونز برآمد کیے گئے۔
کسٹمز ذرائع کے مطابق موبائل فونز کی اسمگلنگ میں ملوث پی آئی اے کے پانچوں فضائی میزبانوں کو حراست میں لے کر مزید کارروائی کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں بھی پی آئی اے کا ایک فضائی میزبان مہنگے سیل فونز اسمگل کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔
فیصل مجید 24 اکتوبر کی ٹورنٹو سے اسلام آباد پرواز پی کے 782 میں پہنچا تو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے روک کر اس کی تلاشی لی تو اس کے جسم سے لگے 16 موبائل برآمد ہوئے۔