پی ٹی آئی کا 26 نومبر احتجاج: ٹول ریونیو کی مد میں کتنے کروڑ کا نقصان ہوا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزارت مواصلات نے انکشاف کیا ہے کہ 24 تا 26 نومبر کے دوران ٹول ریونیو کا 15 کروڑ 15 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔
وزارت مواصلات نے قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات کے تحریری جواب پیش کرتے ہوئے بتایا کہ تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر ایم ٹو، ایم تھری اور ایم فور کو 24 سے 26 نومبر کو بند کیا گیا، موٹرویز کو امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر بند کیا گیا تھا۔
موٹرویز کی بندش کے باعث 24 تا 26 نومبر کے دوران ٹول ریونیو کا 15 کروڑ 15 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، گزشتہ ہفتے کے دوران 3 موٹرویز پر ٹول ریونیو 35 کروڑ 36 لاکھ روپے حاصل ہوا۔
وزرات مواصلات کے مطابق مصدقہ اطلاعات تھیں کہ مشتعل مظاہرین امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے کا منصوبہ بناچکے ہیں، انٹیلی جنس اطلاعات تھیں کہ مظاہرین ڈنڈوں اور غلیلوں سے لیس ہوکر آرہے ہیں۔
’عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کیا گیا،موٹرویز بند کرنے سے متعلق اطلاع عام کا نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔‘