پی ٹی آئی مذاکراتی اجلاس میں بیٹھتی تو توقعات سے کچھ زیادہ ہی لے کر جاتی، عرفان صدیقی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف آج اگر مذاکراتی اجلاس میں شرکت کرتی تو توقعات سے کچھ زیادہ ہی لے کر جاتی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کی تیسری نشست میں ہمیں اپنے مطالبات دیے اور باہر جا کر کہہ دیا کہ حکومت فیل ہوگئی۔
عرفان صدیقی نے کہاکہ ہم 31 جنوری تک اس کمیٹی کو قائم رکھیں گے، مطالبات اور مذاکرات کا جمہوری رویہ ساتھ بیٹھنا اور سننا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے ایک دروازہ بند کرکے دوسرا کھول لیا ہے، اور دوسری سیاسی جماعتوں کے پاس جارہے ہیں، لیکن اچھا ہے کہ مذاکرات کہیں نہ کہیں جاری رہنے چاہییں۔
مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ حامد رضا کے مدرسے پر کوئی چھاپہ نہیں مارا گیا، ان کے گھر کے قریب جلسہ ہورہا ہے اس لیے پولیس وہاں پر موجود تھی۔
انہوں نے کہاکہ پیکا ایکٹ میں ترمیم کا مجھے معلوم نہیں تھا نہ ہی میں اس عمل کا حصہ تھا، تاہم صحافیوں کے خدشات درست ہیں جنہیں دور ہونا چاہیے۔ اگر آئین میں 26 ترامیم ہو سکتی ہیں تو پیکا ایکٹ بھی صحیفہ نہیں، اس کو بھی ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔
مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ پیکا ایکٹ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، مجھے تو اس بات پر حیرانی ہوئی کہ پیکا ایکٹ وزارت داخلہ کیوں پیش کررہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *