3 سالوں میں کتنی مرتبہ پی سی بی چیئرمین، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ، کپتان اور سلیکٹرز تبدیل ہوئے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ایک وقت تھا کہ پاکستان کا کرکٹ کی عالمی دنیا میں نام تھا، ہر ٹورنامنٹ، ورلڈ کپ یا چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان فائنل یا سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہتا تھا، تاہم اس مرتبہ پاکستان کی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں میزبان ہونے کے باوجود سب سے پہلے باہر ہونے والی ٹیم کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرچکی ہے۔
جس طرح ملک میں سیاسی حکومتیں تبدیل ہوتی رہی ہیں، اسی طرح کرکٹ بورڈ، چیف سلیکٹر، کپتان اور ہیڈ کوچ تبدیل ہوتے رہے ہیں، گزشتہ 3 سالوں میں 4 مرتبہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا انتخاب عمل میں آچکا ہے۔
10 مختلف سابق کرکٹرز کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنایا گیا، اگست 2021 سے قومی ٹیم کے 26 مختلف سلیکٹرز رہ چکے ہیں جبکہ 4 مختلف کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کا کپتان بھی بنایا جا چکا ہے۔
چیٔرمین پی سی بی کے عہدے کی میعاد 3 سال ہوتی ہے تاہم دسمبر 2022 سے اب تک اس عہدے پر 4 افراد فائز رہ چکے ہیں، دسمبر 2022 میں چیٔرمین پی سی بی کا عہدہ پی ٹی آئی کے من پسند سابق کرکٹر رمیز راجہ کے پاس تھا، جس کے بعد مسلم لیگ ن کے دور میں صحافی اور تجزیہ کار نجم سیٹھی کو چیئرمین تعینات کیا گیا۔
جولائی 2023 میں پیپلز پارٹی کے من پسند ذکا اشرف کو چیئرمین پی سی بی تعینات کیا گیا اور فروری 2024 میں محسن نقوی کو چیئرمین پی سی بی کا عہدہ دیدیا گیا، محسن نقوی اس کے علاوہ وفاقی وزیر داخلہ بھی ہیں۔
پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچز کو بھی مختلف اوقات میں تبدیل کیا جاتا رہا ہے، اس وقت عاقب جاوید عبوری ہیڈ کوچ ہیں، جن کی تقرری نومبر 2024 میں ہوئی تھی، اس سے قبل اپریل سے دسمبر 2024 تک سابق آسٹریلوی کھلاڑی جیسن گیلیسپی اور سابق جنوبی افریقی کھلاڑی گیری کرسٹن مارچ سے دسمبر 2024 تک ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔
اسی طرح سابق پاکستانی کرکٹر اظہر محمود اپریل 2024، سابق پاکستانی کپتان محمد حفیظ نومبر 2023 سے فروری 2204 ، گرانٹ بریڈ برن اور مکی آرتھر مئی سے نومبر 2023، عبدالرحمان 2023 میں عبوری ہیڈ کوچ اور ثقلین مشتاق 2021 سے 22 تک قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔
اگست 2021 سے قومی کرکٹ ٹیم کے 26 مختلف سلیکٹرز رہ چکے ہیں جبکہ 5 چیف سلیکٹرز رہ چکے ہیں، وہاب ریاض قومی کرکٹ ٹیم کے آخری چیف سلیکٹر رہ چکے ہیں، اس وقت 6 رکنی سلیکشن کمیٹی چیف سلیکٹر کے بغیر ہی کام کر رہی ہے، جس میں علیم ڈار، عاقب جاوید، اسد شفیق، اظہر علی اور حسن چیمہ شامل ہیں۔
گزشتہ چند سالوں میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتانوں کا بھی تبادلہ ہوتا رہا ہے، بابر اعظم کو 2023 میں کھیل کے تینوں فارمیٹ میں کپتانی سے ہٹا کر شاہین آفریدی کو وائٹ بال کا کپتان جبکہ شان مسعود کو ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا۔
مارچ 2024 میں ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل بابر اعظم کو ایک مرتبہ پھر سے وائٹ بال ٹیم کا کپتان بنایا گیا، لیکن 8 ماہ بعد ہی ایک مرتبہ پھر سے تبدیلی کی گئی اور نومبر 2024 میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کا کپتان بنادیاگیا تھا۔