پبلک سروس کمیشن امتحانات کے نتائج مینا مجید بلوچ کی مبارکباد


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے حالیہ امتحانات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف انفرادی محنت کا نتیجہ ہے بلکہ بلوچستان کے روشن مستقبل کی نوید بھی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نوجوان افسران صوبے کی مجموعی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں گے اور گڈ گورننس، شفافیت اور خدمت کے اعلیٰ معیار کو فروغ دیں گے۔
مشیر کھیل و امورِ نوجوانان نے کہا کہ نئی نسل کو بااختیار بنانے کے لیے ایسے ہی مواقع ضروری ہیں، جہاں میرٹ اور قابلیت کو ترجیح دی جائے۔ محترمہ مینا مجید بلوچ نے ضلع کیچ اور پنجگور سے پہلی خاتون اسسٹنٹ کمشنرز بننے والی ماہنور برکت اور ضلع پنجگور سے اسمہ قاسم کو میرٹ پر کامیابی کو خصوصی طور پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ماہنور برکت اور اسمہ قاسم جیسے باصلاحیت اور محنتی نوجوان نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے ضلع اور مکران ڈویڑن اور صوبے کے لیے فخر کا باعث ہیں۔ ان کی تعیناتی سے بچیوں میں تعلیم کا رجحان بڑھے گا اور وہ بھی اعلیٰ سرکاری عہدوں تک پہنچنے کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی تحریک پائیں گی۔
انہوں نے اس موقع پر والدین، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے کردار کو بھی سراہا جن کی رہنمائی اور محنت سے نوجوان نسل کامیابی کے منازل طے کر رہی ہے اور خصوصاً بچیاں اس طرح کے مقابلہ جاتی امتحانات میں آگے آ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کی ترقی اور انہیں مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔

WhatsApp
Get Alert