اورماڑہ میں سمندر کی بے رحم موجوں نے2 ماہی گیروں کی جان لے لی، 3 کو زندہ بچا لیا گیا

اورماڑہ(یو این اے )اورماڑہ کے قریب سمندر میں دو افسوسناک حادثات پیش آئے جن میں دو ماہی گیر جاں بحق جبکہ تین دیگر کو بچا لیا گیا۔ پہلا واقعہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب دیمی زِر کے ساحل پر زنڈیں ریک کے مقام پر پیش آیا، جہاں ماہی گیروں کی ایک کشتی الٹ گئی۔ کشتی میں سوار چار ماہی گیروں میں سے تین کو مقامی ماہی گیروں نے اپنی مدد آپ کے تحت بحفاظت نکال لیا، تاہم ایاز ولد ناخدا اشرف نامی ماہی گیر ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ایاز کا تعلق پسنی سے تھا اور وہ اورماڑہ میں خلاصی کے طور پر ماہی گیری کر رہا تھا۔
ڈوبنے کے بعد وہ لاپتہ ہو گیا تھا جس پر پاکستان نیوی کی ریسکیو ٹیموں نے فوری تلاش شروع کی۔ مقامی ماہی گیروں نے بھی امدادی کارروائیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ ایاز کی لاش بعد ازاں مقامی ماہی گیر ناخدا بابی نے سمندر سے نکالی۔دوسرا واقعہ اورماڑہ کے پدی زِر کے ساحل پر پیش آیا، جہاں گنگزار نامی ایک مقامی ماہی گیر اپنی تھرماکول کی چھوٹی کشتی کے الٹنے کے باعث سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق وہ علی الصبح ماہی گیری میں مصروف تھا کہ اچانک حادثہ پیش آیا۔ اس کی لاش بعد میں پدی زر کے ساحل سے ملی۔ گنگزار کا تعلق اورماڑہ کے محلے پنجگ سے بتایا جاتا ہے۔
