کوئٹہ میں امتحانی مرکز پر چھاپہ، طلبا سے موبائل فون اور نقل کی شیٹس برآمد، عملے کو معطل کردیا گیا

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی کنٹرولر امتحانات عابدہ کاکڑ نے شفیق احمد خان اسکول میں امتحانی سینٹر پر چھاپہ مارکر طلباءسے موبائل فون اور نقل کی شیٹس برآمد کرکے امتحانی سینٹرکے عملے کو معطل کردیا۔ بدھ کو کنٹرولر امتحانات عابد ہ کاکڑ نے اچانک شفیق احمد خان اسکول کے امتحانی سینٹر پر چھاپہ مار کر طلباءسے 10 موبائل فون اور نقل کی شیٹس برآمد کرلی۔ انہوں نے نقل نہ روکنے پر فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے امتحانی عمل کو معطل کردیا۔ کنٹرولر امتحانات عابدہ کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں امتحانات میں نقل کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور کسی بھی طالب علم کو نقل کی اجازت نہیں دی جائے گی جو بھی طالب علم نقل میں ملوث پایا گیا اسکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
