بھارت کی مرمت کا وقت آگیا ہے‘ سردار یار محمد رند

معصوم عورتوں، بچوں اور بزرگوں کو نشانہ بنانا طاقت نہیں بلکہ کمزوری، بزدلی اور درندگی کی علامت ہے


سبی(قدرت روزنامہ) رند قبائل کے سربراہ سینئر پارلیمنٹرین چیف آف رند سردار یار محمد رندنے بھارت کی جانب سے پاکستان کے شہری علاقوں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا یہ اقدام نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش ہے اب بھارت کی مرمت کا وقت آگیا ہے۔
انہوں نے بھارتی افواج کی جانب سے بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد جیسے پرامن شہری علاقوں کو نشانہ بنانا کھلی جنگی جارحیت اور سفاکیت کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم عورتوں، بچوں اور بزرگوں کو نشانہ بنانا طاقت نہیں بلکہ کمزوری، بزدلی اور درندگی کی علامت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ناقابل تسخیر ملک ہے، جو ہر جارحیت کے خلاف متحد اور یکجا ہے۔ ہماری بہادر مسلح افواج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں اور پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہم اپنے ملک کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر کسی قسم کی جارحیت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، اگر بھارت نے حملہ کرکے جنگ شروع کی اور رند قبائل اپنے ملک کی حفاظت کے لئے سرحدوں پر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑ نے کو مکمل تیار ہے ۔
چیف آف رند سردار یار محمد رند نے بھارتی حملے کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے تمام شہداء کے درجات کی بلندری اور ذخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی ۔

WhatsApp
Get Alert