جوڈیشل کمیشن اجلاس میں پشاور، بلوچستان اور سندھ ہائیکورٹس کے چیف جسٹسز کا فیصلہ

جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی صدارت میں ہوا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)جوڈیشل کمیشن نے پشاور، بلوچستان اور سندھ ہائی کورٹ کے مستقل چیف جسٹسز کا فیصلہ کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان، جسٹس یحییٰ آفریدی کی صدارت میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا، جس میں مستقل چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے نام پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پشاور ہائیکورٹ سے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ، جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ارشد علی کے ناموں پر غور ہو گا، جس کے بعد جوڈیشل کمیشن نے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
علاوہ ازیں اجلاس میں بلوچستان ہائیکورٹ سے جسٹس روزی خان، جسٹس محمد کامران خان اور جسٹس اقبال احمد کاسی کے ناموں پر غور کیا گیا، جن میں سے ذرائع کے مطابق جسٹس روزی خان کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعینات کردیا گیا۔ واضح رہے کہ بلوچستان ہائیکورٹ سے جسٹس روزی خان سنیارٹی لسٹ میں پہلے پر ہیں۔
دریں اثنا جوڈیشل کمیشن اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ کے لیے محمد جنید غفار کو مستقل چیف جسٹس بنانے کی منظوری دے دی۔ جسٹس جنید غفار سندھ ہائی کورٹ کی سنیارٹی لسٹ میں پہلے نمبر ہیں، ان کی چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ تعیناتی متفقہ طور پر ہوئی۔
جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی کے لیے بھی غور جاری ہے، جس میں جسٹس سرفراز ڈوگر ،جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔
سینیٹر علی ظفر کی میڈیا سے گفتگو
قبل ازیں پی ٹی آئی کے رکن جوڈیشل کمیشن سینیٹر علی ظفر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا یہی موقف رہا ہے کہ سینئر جج ہی کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ مقرر کیا جائے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز سنیارٹی کا معاملہ ابھی انٹرا کورٹ اپیل میں زیر التوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تو جوڈیشل کمیشن میں رائے ہوگی، جب تک ہائی کورٹ ججز کی سنیارٹی سے متعلق انٹرا کورٹ پر فیصلہ نہیں ہو جاتا، معاملہ زیر غور نہیں آنا چاہیے۔ اگر ہماری رائے نہ مانی گئی تو پھر ہم ووٹ کریں گے۔ ہم نے ووٹ پھر کسے کرنا ہے، یہاں نہیں بتاؤں گا۔

WhatsApp
Get Alert