مغربی ممالک میں نومسلموں کو ہدف بنانے اور مسلم مخالف مواد کی تشہیر میں بھارت سب سے آگے: رپورٹ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارت کی اسلام دشمنی کھل کر سامنے آ گئی ، مغربی ممالک میں نومسلموں کو ہدف بنانے اور مسلم مخالف مواد کی تشہیر میں بھارت سب سے آگے ۔
آئی سی وی آسٹریلیا کے حوالے سے 2021 کی اسٹڈی کے مطابق 307 ملین مسلم مخالف ٹوئٹس میں سے 55.1 فیصد بھارتی اکاؤنٹس سے کی گئیں ۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریورٹس نیٹ ورک اینڈ اسلاموفوبیا مانیٹرنگ نے بھارت کے اسلام مخالف عزائم کا پردہ چاک کر دیا ۔
اپنی رپورٹ میں واشنگٹن پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ دنیا بھر میں بھارتی نژاد شہریوں کی تنظیمیں بھارت میں موجود کرداروں کے ساتھ مل کر مسلم مخالف مواد اور بی جے پی ایجنڈے کی تشہیر کرتی ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق کینیڈین سکیورٹی انٹیلی جنس نے 2024 کی ایک رپورٹ میں بتایا کہ کینیڈا میں سکھوں اور مسلمانوں کو ہدف بنانے، انہیں سیاست سے دور رکھنے، ہندو قوم پرست ایجنڈے کی تشہیر اور غیرملکی مداخلت میں بھارت ملوث ہے۔
رپورٹ کے مطابق رائل کینیڈین ماؤنٹنڈ پولیس نے اکتوبر 2024 میں کھل کر بتایا کہ کینیڈین سرزمین پر ہونے والی پرتشدد کارروائیوں میں بھارت ملوث ہے۔
ٹی آر ٹی گلوبل نے دنیا بھر میں 86 فیصد مسلم مخالف ٹویٹس کا ذمہ دار بھارت، برطانیہ اور امریکہ کو ٹھہرایا۔
مسلم شہری حقوق کی تنظیمیں اس با ت کو اجاگر کرتی ہیں کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی ناکافی نگرانی اور پالیسیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں اسلاموفوبیا کو بڑھاوا ملا ہے ، یہ پلیٹ فارمز نفرت انگیز مواد کو روکنے کی بجائے زیادہ تر منافع کو ترجیح دیتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سال 2025 میں اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے موقع پر مسلم اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے مشترکہ بیانات میں بھی اس کی نشاندہی کی۔
