لاہورمیں شوہر کے سامنے خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے کیس میں اہم پیش رفت، 2مفرور ملزمان کی شناخت ہوگئی

لاہور(قدرت روزنامہ)صوبائی دارلحکومت کے علاقے چوہنگ میں شوہر کے سامنے خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے،واقعے میں مفرور 2ملزمان کی شناخت عمران اور زاہد کے نام سے ہوئی ہے، جو وقوعہ کے وقت نشے کی حالت میں تھے۔
واضح رہے کہ گرفتار ملزم ارسلان کی نشاندہی پر واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے نشتر کالونی کے علاقے میں سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن نے چھاپا مارا تھا، جہاں ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی اور فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزم مارے گئے۔ اسی دوران کانسٹیبل نثار زخمی جبکہ 2 اہلکاروں کی بلٹ پروف جیکٹس پر گولیاں لگیں۔
مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن پولیس کے چھاپے جاری ہیں، جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
