جو بھی ریاست سے بات کرنا چاہتا ہے، وہ ہتھیار ڈال کر آئے، ہم اُسے گلے لگائیں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

تاریخ میں پہلی بار طاقتوروں پر ہاتھ ڈالا گیا ہے ،بھٹ شاہ میں شاہ عبداللطیف بھٹائی کے سالانہ عرس میں شرکت


بھٹ شاہ (قدرت روزنامہ)بھٹ شاہ میں شاہ عبداللطیف بھٹائی کے سالانہ عرس میں شرکت کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی ریاست سے بات کرنا چاہتا ہے، وہ ہتھیار ڈال کر آئے، ہم اُسے گلے لگائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اور ریاست نے کبھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے، لیکن یہ ممکن نہیں کہ معصوم مزدوروں کو بسوں سے اُتار کر قتل و غارت کی جائے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مظلوم کا ساتھ دیا ہے، اور مظلوم وہ ہے جو ناحق قتل کیا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ قاتلوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر سوال اٹھایا کہ خیبر پختونخوا میں مسنگ پرسنز کی تعداد بلوچستان سے زیادہ ہے، لیکن وہاں میڈیا خاموش کیوں ہے؟ بلوچستان میں مسنگ پرسنز کے نام پر ریاست کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کراچی سے خیبر تک مذہب کے نام پر دہشت گردی کو دہشت گردی کہا جاتا ہے، مگر بلوچستان میں اسے مختلف نام دیے جاتے ہیں۔ “دہشت گردوں میں فرق کیوں کیا جا رہا ہے؟” انہوں نے سوال اٹھایا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت امن قائم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور ریاست نے ہمیں یہ ذمہ داری دی ہے، جسے ہم ہر صورت مکمل کریں گے۔ انہوں نے بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کے اعتماد کو ٹھیس نہ پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسا گورننس ماڈل لا رہے ہیں جس سے عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا۔

ڈیگاری واقعہ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار طاقتوروں پر ہاتھ ڈالا گیا ہے اور ذمہ داروں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔ “یہ بربریت اور ظلم ہے، قبائلی معاشرہ ایسا نہیں ہوتا، ہم مظلوم کے ساتھ ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ ایرانی زائرین کو فضائی اور فیری سروس کے ذریعے سہولت فراہم کی جائے گی، اور اس مسئلے کی اصل وجوہات صرف سیکورٹی نہیں ہیں۔ “ہم نے 800 کلومیٹر کے سفر کے دوران زائرین کو مکمل سیکورٹی فراہم کی ہے۔”
آزادی صحافت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اس مقصد کے لیے جدوجہد کی ہے، اور میڈیا سے اپیل کی کہ بلوچستان کو تین مخصوص افراد کی عینک سے نہ دیکھے۔

WhatsApp
Get Alert