وزیر اعلیٰ بلوچستان کا امریکا کی جانب سے کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشتگرد قرار دینےکا خیرمقدم


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے امریکا کی جانب سے کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ کو دہشتگرد قرار دینےکا خیر مقدم کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد قرار دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، وفاقی حکومت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاکستان کا مؤقف امریکی انتظامیہ تک پہنچانے کا کریڈٹ جاتا ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ نے لسانیت اور حقوق کے نام پر معصوموں کا خون بہایا، دہشتگردی، دہشتگردی ہے،کوئی بھی مقصد شہریوں کے قتل کو جائز نہیں بنا سکتا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دنیا کو دہشت گردی کی اس لعنت کے خاتمے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔
خیال رہے کہ امریکا نے کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ کو دہشتگرد گروپ قرار دے دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ کو بین الاقوامی دہشتگرد تنظیم قرار دیا گیا ہے جبکہ کالعدم مجید بریگیڈ کو عالمی دہشتگرد تنظیم بھی قرار دیا گیا ہے، کالعدم بی ایل اے کو پہلے ہی عالمی دہشتگرد تنظیم قرار دیا جاچکاہے۔
امریکی سیکرٹری خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بی ایل اے نے کراچی ائیرپورٹ اور گوادر پورٹ کمپلیکس پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بی ایل اے نے جعفر ایکسپریس ٹرین حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی جس میں 31 افراد شہید ہوئے اور 300 افراد یرغمال بنائے گئے تھے۔

WhatsApp
Get Alert