‘پانی نے مہلت نہیں دی کہ گھروں سے سامان نکال سکیں’، لاہور میں سیلاب سے بے گھر افراد کی دُہائی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لاہور کے علاقے چوہنگ اور ملحقہ آبادیوں میں سیلاب کے بعد بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہو گئے۔
دریائے راوی کا پانی لاہور کے علاقے چوہنگ اور ملحقہ آبادیوں میں لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا۔ سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ مقامی رہائشی نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ راوی کے پانی نے اتنی بھی مہلت نہیں دی کہ گھروں سے ضرورت کا سامان ہی نکال سکیں۔
متاثرین کے مطابق وہ اپنی مدد آپ کے تحت بچا کچھا سامان اور ضرورت کی چیزیں گھروں سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
دوسری جانب چوہنگ کے قریب قائم نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں بھی دریائے راوی کا پانی داخل ہو گیا ہے۔ کئی کئی فٹ گھروں میں جانے سے لوگوں کا قیمتی سامان خراب ہو گیا۔ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے چند بلاکس کو مکمل بند کر دیا گیا ہے۔
