سریاب دھماکہ: سردار اختر مینگل کو نشانہ بنانے کا دعوی بے بنیاد، پولیس

خودکش دھماکے کی تحقیقات تیزی سے جاری، عوام سے افواہوں سے گریز کی اپیل
کوئٹہ(قدرت روزنامہ )بلوچستان کے حساس علاقے سریاب میں حال ہی میں پیش آنے والے خودکش دھماکے کے حوالے سے کچھ حلقوں کی جانب سے دعوی کیا جا رہا تھا کہ یہ حملہ بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا، تاہم ایس پی سریاب اسامہ امین چیمہ نے اس دعوے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ سردار اختر مینگل کی گاڑی دھماکے کے مقام سے کافی پہلے گزر چکی تھی، اس لیے انہیں خاص طور پر نشانہ بنانے کا دعوی بے بنیاد ہے۔ایس ایچ او سریاب مجید قیصرانی نے تصدیق کی کہ یہ واقعہ خودکش دھماکہ تھا جو جلسہ گاہ سے کچھ فاصلے پر، قبرستان کے قریب ہوا۔ دھماکے کے مقام سے حملہ آور کے جسم کے مختلف اعضا برآمد کیے گئے جو فرانزک تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیے گئے ہیں، جس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ یہ بیرونی حملہ نہیں بلکہ خودکش دھماکہ تھا۔سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات تیزی سے جاری ہیں اور حقائق جلد عوام کے سامنے لائے جائیں گے تاکہ کسی بھی افواہ یا غلط فہمی کو روکا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر بھروسہ نہ کریں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ریاستی اداروں کے تعاون کو یقینی بنائیں۔دھماکے کے بعد علاقائی سیکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا اور تفتیشی عمل کو تیز کر دیا۔ جلسہ گاہ اور اس کے اطراف کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert