13 ہزار روپے ماہانہ میں ہونڈا بائیک؟ جانیں حیرت انگیز آفر کی مکمل تفصیل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی مشہور موٹرسائیکل بنانے والی کمپنی اٹلس ہونڈا نے صارفین کے لیے ایک نیا اور آسان منصوبہ متعارف کروایا ہے جس کے تحت وہ بغیر کسی اضافی منافع کے آسان ماہانہ اقساط پر ہونڈا موٹرسائیکل حاصل کرسکتے ہیں۔ اس منصوبے کو سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے ایس سی آسان پلان کے ذریعے پیش کیا جا رہا ہے۔
اس اسکیم کے تحت روایتی کریڈٹ کارڈ ہولڈرز اپنی ادائیگی کو 3، 6 یا 12 ماہ کی اقساط میں تقسیم کرسکتے ہیں اوراس دوران انہیں کوئی اضافی سود ادا نہیں کرنا پڑے گا تاہم بکنگ کے وقت اقساط کی مدت کے مطابق ایک مرتبہ پروسیسنگ فیس ادا کرنی ہوگی اگر خریدار 3 ماہ کی اقساط کا انتخاب کرتا ہے تو 1.99 فیصد، 6 ماہ کیلئے 5.99 فیصد اور 12 ماہ کے لیے 11.99 فیصد فیس ادا کرنا ہوگی جبکہ حکومتی ٹیکسز بھی شامل ہوں گے۔
وفاقی ایکسائز ڈیوٹی (FED) بھی صارف کے علاقے کے مطابق الگ سے عائد کی جائے گی جس کی شرح مختلف علاقوں میں مختلف ہوسکتی ہے۔
اٹلس ہونڈا کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد متوسط طبقے کے لوگوں کو مالی دباؤ کے بغیر موٹرسائیکل خریدنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سہولت کے تحت صارفین صرف 13,000 روپے ماہانہ ادا کر کے ہونڈا بائیک حاصل کرسکتے ہیں جس سے روزمرہ کے سفر سے متعلق مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔
