صوبے میں سی ٹی ڈی کو مزید مضبوط اور تفتیشی عمل کو مؤثر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ صوبے میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو مزید مضبوط اور تفتیش کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں مثالی امن کے قیام کے لیے پولیس تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشکی کے دورے کے موقع پر پولیس دربار میں افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس رخشان رینج ایاز احمد بلوچ اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے پولیس افسران اور جوانوں کے مسائل سنے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ دورے کے دوران آئی جی پولیس نے پولیس لائن اور تھانے کا معائنہ بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی ملک دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکتا ہے اور بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا محکمہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت سرگرم ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا۔
آئی جی پولیس نے کہا کہ ہمارے افسران اور جوانوں نے شہریوں کے تحفظ کی خاطر شہادت کا رتبہ حاصل کیا، شہداء ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں، ان کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مشن کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے لواحقین خود کو تنہا نہ سمجھیں، پوری پولیس فورس ان کے ساتھ ہے، اور شہداء کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
