لسبیلہ یونیورسٹی میں لس یوتھ فیسٹیول کا شاندار انعقاد، نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا گیا

لسبیلہ (قدرت روزنامہ)لسبیلہ یونیورسٹی میں رنگا رنگ لس یوتھ فیسٹیول کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارلیمانی سیکریٹری برائے سیاحت و ثقافت نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ضلعی انتظامیہ، یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبا و طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نوابزادہ میر زرین مگسی نے فیسٹیول میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، طلبہ کے تیار کردہ ثقافتی و تخلیقی منصوبوں کا جائزہ لیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے ثقافتی اور غیر نصابی پروگرام نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے، مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور مقامی ثقافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لسبیلہ کی ثقافت اپنی انفرادیت رکھتی ہے، اور اس قسم کے فیسٹیول نہ صرف نوجوانوں میں اعتماد اور فخر کا جذبہ پیدا کرتے ہیں بلکہ دنیا بھر میں بلوچستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔
نوابزادہ میر زرین مگسی نے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے زیرِ نگرانی فیسٹیول کا کامیاب انعقاد ممکن ہوا۔
فیسٹیول کے اختتام پر ثقافتی میوزیکل کنسرٹ کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں معروف گلوکاروں نصیر باپڑا، محمد بلوچ اور دیگر فنکاروں نے پرفارم کیا۔ تقریب میں مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا و گلوکاروں میں شیلڈز اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
تقریب میں وائس چانسلر لسبیلہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین، چیئرمین ضلع کونسل سردار عبدالرشید پھورائی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سراج احمد بلوچ، رجسٹرار یونیورسٹی احمد نواز کھوسہ، اسپورٹس آفیسر خدابخش بلوچ، اور دیگر افسران شریک تھے۔
