گوادر پورٹ پر ملک گیر میری ٹائم ویک کی تقریب: طالبات کو بلیو اکانومی اور سمندری صنعت سے روشناس کرایا گیا

میری ٹائم انڈسٹری میں خواتین کے لیے بے شمار مواقع موجود ہیں: چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ طالبات کو بندرگاہ، فری زون اور تجارتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کرایا گیا

گوادر( ڈیلی قدرت کوئٹہ ) وزارتِ بحری امور کی جانب سے ملک گیر میری ٹائم ویک کے سلسلے میں گوادر پورٹ پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر کی طالبات اور اساتذہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
یہ تقریب وزارتِ بحری امور کی ہدایت پر چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کی رہنمائی میں منعقد کی گئی، جس کا بنیادی مقصد نوجوان نسل خصوصاً طالبات کو میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت اور پاکستان کی ابھرتی ہوئی بلیو اکانومی سے روشناس کرانا تھا۔


چیرمین گوادر بندرگاہ نورالحق بلوچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری ٹائم انڈسٹری میں نوجوانوں، خصوصاً خواتین کے لیے بے شمار مواقع موجود ہیں اور پاکستان کی ترقی میں گوادر پورٹ ایک کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ سمندری معیشت کے امکانات کو سمجھیں اور اس شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔


مرکزی تقریب کے دوران طالبات کو گوادر پورٹ کی اسٹریٹجک اور اقتصادی اہمیت سے آگاہ کیا گیا اور انہیں یہ سمجھایا گیا کہ سمندری شعبہ عالمی تجارت، پائیدار ترقی اور قومی معیشت میں کس طرح اہم کردار ادا کرتا ہے۔ طالبات کو گوادر پورٹ، چائنا بزنس سینٹر (CBC)، فری زون اور ڈیسالینیشن پلانٹ کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ بھی کرایا گیا، جہاں انہیں بندرگاہ کی روزمرہ کاروائیوں اور جاری تجارتی منصوبوں کے بارے میں عملی آگاہی دی گئی۔

WhatsApp
Get Alert