ہم غریبوں، یتیموں اور لاچار طبقے خصوصاً نوجوانوں کی تقدیر بدلنے کے لیے میدان میں نکلے ہیں ، صادق خان اچکزئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)
ژوب میں مظلوم عوامی تحریک پاکستان کے مرکزی چیئرمین مشر صادق خان اچکزئی نے مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہونے والے سینکڑوں کارکنوں اور رہنماؤں کی ایک شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ مظلوم عوام کی آواز بن کر میدان سیاست میں اترے ہیں اور ژوب کی سیاست میں ان کی “شاندار انٹری” کے بعد اب تبدیلی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے لیڈروں نے صرف اپنے اور اپنے خاندانوں کے مفادات کو ترجیح دی، لیکن ان کا مشن مظلوم طبقے کی خدمت، نفرت کی سیاست سے گریز، اور امن، تعلیم، صحت اور روزگار کے فروغ پر مبنی ہے۔ صادق خان اچکزئی نے کہا کہ شاندار استقبالی جلوس اور عوام کی بڑی تعداد میں شرکت نے ان کے حوصلے بلند کیے ہیں اور اب وہ غریبوں، یتیموں اور لاچار طبقے خصوصاً نوجوانوں کی تقدیر بدلنے کے لیے میدان میں نکلے ہیں۔ انہوں نے ملک و صوبے میں بدامنی کے خاتمے اور بلوچستان میں کاروبار کے دروازے بند ہونے سے پیدا ہونے والی بے روزگاری کے خلاف جدوجہد کا عزم کیا، اور پشتون قیادت پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور افغانستان کے معاملات میں اپنا کردار ادا کرے۔ ضلع شیرانی اور ژوب سے سینکڑوں افراد نے اس تحریک میں شمولیت کا اعلان کیا، جنہیں اچکزئی نے مبارکباد دی اور عوام سے بھرپور ساتھ دینے کی اپیل کی کہ وہ ان کا سادہ سا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

WhatsApp
Get Alert