سیکرٹریز کمیٹی اجلاس ‘ چیف سیکرٹری بلوچستان کی خالی اسامیوں پر فوری میرٹ کے تحت بھرتیوں کی ہدایت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) کوئٹہ میں سوموار (3 نومبر) کو چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آن لائن بلنگ، ترقیاتی منصوبوں کی سوشل میڈیا پر پروجیکشن، فائل ٹریکنگ سسٹم، آئی پی ایم ایس اور ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے سمیت دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات ذاہد سلیم اور چیئرمین سی ایم آئی ٹی محمد علی کاکڑ سمیت تمام سیکرٹریز نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے صحت، تعلیم، روزگار، اور صفائی جیسے شعبوں میں سہولیات کی فراہمی کے ذریعے عوامی اعتماد کی بحالی اور مسائل کے فوری حل کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے پی اینڈ ڈی ڈپارٹمنٹ کے مانیٹرنگ اور ایویلوایشن سیکشن کو مکمل فعال کرنے کی ہدایت کی تاکہ رپورٹوں کی بنیاد پر اصلاحی اقدامات کیے جا سکیں۔ انہوں نے آن لائن بلنگ سسٹمز کو فعال اور فنڈز کی SAP سسٹم کے ذریعے ادائیگی یقینی بنانے، فائل ٹریکنگ سسٹم کو موثر بنانے اور پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایات کو فوری حل کرنے کی سخت ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری نے محکموں میں خالی آسامیوں پر شفاف تعیناتی اور ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا، اور کہا کہ حکومت کی ان سنجیدہ کاوشوں سے صوبے کی ترقی ہوگی اور عام آدمی کی زندگی بہتر بنے گی۔
