وزیرِاعلیٰ سرفراز بگٹی کی کارکردگی ناقص، عوام مایوسی و بے روزگاری کا شکار ہیں — میر لیاقت لہڑی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے زیرِ اہتمام بلدیاتی انتخابات 2025 کے حوالے سے مشاورتی اجلاس سٹی نائب صدر زبیر خان بڑیچ کی رہائشگاہ، ارباب کرم خان روڈ پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی حلقہ PB-43 کے یونٹس کے عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس کے مہمانِ خاص پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی تھے۔
خطاب کرتے ہوئے میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اس وقت شدید مایوسی اور بے روزگاری کا شکار ہیں، جبکہ موجودہ صوبائی حکومت خصوصاً وزیرِاعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی کارکردگی انتہائی ناقص اور عوامی توقعات کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی کام رک چکے ہیں اور عوامی فلاح کے منصوبے محض کاغذوں تک محدود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی اور آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور قوت کے ساتھ میدان میں اُترے گی۔
اس موقع پر جنرل سیکرٹری نعمت لالا، سیکرٹری اطلاعات اکبر خان ترین، سینئر نائب صدر ایوب آغا، نائب صدر زبیر خان بڑیچ، کوئٹہ ڈویژن کے صدر سردار خیر محمد ترین، ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات احسان اللہ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری داد محمد، سینئر رہنما طیب بلوچ سمیت دیگر پارٹی رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے

WhatsApp
Get Alert