مکران میں محکمہ انسدادِ بدعنوانی کی کارروائی گورگو کالج پنجگور منصوبے میں مبینہ خردبرد، ٹھیکیدار گرفتار مقدمہ درج۔

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)صوبہ بلوچستان میں بدعنوانی کیخلاف جاری بھرپور مہم کے تحت محکمہ انسدادِ بدعنوانی نے مکران ڈویژن میں ایک اہم کارروائی کے دوران سرکاری تعلیمی منصوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا بڑا سکینڈل بے نقاب کردیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل محکمہ انسدادِ بدعنوانی بلوچستان کی براہِ راست ہدایت محکمہ انسدادِ بدعنوانی مکران سرکل کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے ٹھیکیدار سید اعجاز شاہ کو گورگو کالج پنجگور کی تعمیر سے متعلق مبینہ کرپشن، فنڈز کی خردبرد اور سنگین مالی بے قاعدگیوں کے الزامات پر گرفتار کرلیا۔
ابتدائی تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ منصوبے کے سرکاری فنڈز میں غلط استعمال، جعلی بلوں کی تیاری، اور تعمیراتی معیار میں واضح خلاف ورزیاں کی گئی ہیں۔ مزید برآں، اسی کیس میں ایکسئین شکیل اور ایکسئین عبدالحمید کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، جب کہ ان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، تفتیش کے دوران مزید اہم گرفتاریاں متوقع ہیں، جبکہ اینٹی کرپشن حکام نے کہا ہے کہ تحقیقات کو شفاف انداز میں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کی یہ کارروائی شفاف طرزِ حکمرانی، احتساب کے مؤثر نظام اور عوامی وسائل کے تحفظ کے عزم کی عملی مثال قرار دی جارہی ہے۔ ادارے کے مطابق، بدعنوانی کے خلاف یہ مہم آئندہ بھی اسی تسلسل اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔
